بھارتی دار الحکومت نئی دہلی میں ہونے والے دھماکے کے بعد بھارتی میڈیا نے ترکیے کو نشانہ بنانا شروع کردیا۔بھارتی میڈیا میں شائع ہونے والی رپوٹس میں کہا گیا ہے کہ دہلی دھماکے میں ملوث افراد کو ترکیے سے لاجسٹک سپورٹ فراہم کی جارہی تھی۔بھارتی میڈیا پر شائع ہونے والی ان رپورٹس پر نئی دہلی میں ترکیے کے سفارتخانے نے سخت ردِعمل دیا ہے۔ سفارتخانے کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ بھارت کے بعض میڈیا اداروں نے بدنیتی پر مبنی رپورٹس شائع کی ہیں جن میں دعوی کیا گیا ہے کہ 'ترکیے بھارت میں دہشت گردانہ کارروائیوں سے منسلک ہے اور دہشت گرد گروہوں کو لاجسٹک، سفارتی اور مالی معاونت فراہم کرتا ہے۔سفارتخانے کے بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ جھوٹ پر مبنی مہم کا حصہ ہے جس کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو نقصان پہنچانا ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ ترکیے ہر قسم کی دہشت گردی کی سختی سے مذمت کرتا ہے اور عالمی برادری کے ساتھ تعاون کے ذریعے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ایک نمایاں ملک کے طور پر کردار ادا کر رہا ہے۔بیان میں مزید کہا گیا کہ بھارت یا کسی اور ملک کے خلاف مبینہ طور پر انتہا پسندی پھیلانے کی سرگرمیوں میں ترکیے کے ملوث ہونے کے الزامات سراسر بے بنیاد اور حقائق کے منافی ہیں۔ترک سفارتخانے نے کہا کہ اس نوعیت کی جھوٹی اور گمراہ کن رپورٹس عالمی امن، سلامتی اور استحکام میں ترکیے کے کردار کو کمزور کرنے کی کوشش ہیں۔سفارت خانے نے عوام سے اپیل کی کہ وہ ایسے بے بنیاد اور گمراہ کن دعوں پر یقین نہ کریں۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی