i بین اقوامی

بادشاہ چارلس سوم کے نئے مونوگرام کی نقاب کشائی کردی گئیتازترین

September 28, 2022

بادشاہ چارلس سوم کے نئے مونوگرام کی نقاب کشائی کردی گئی۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق آنجہانی ملکہ الزبتھ دوم کی وفات پر سرکاری سطح پر منائے جانے والے سوگ کے اختتام پر بادشاہ چارلس سوم کے نئے مونوگرام کی نقاب کشائی کردی گئی ہے۔ بادشاہ کے مونوگرام یا سائفر کو کالج آف آرمز کی جانب سے ڈیزائن کیا گیا ہے۔اس ڈیزائن میں بادشاہ چارلس کے نام کے رسم الخط استمال کیے گئے ہیں یعنی C اور R جبکہ III کو حرف R کے اندر لکھا گیا ہے۔ ان تمام حروف کے اوپر شاہی تاج بنایا گیا ہے۔ اس مونوگرام کو سونے سے بنایا گیا۔بکنگھم پیلس کے کورٹ پوسٹ آفس اس نئے سائفر کو استعمال کرتے ہوئے اسٹامپ پوسٹ بنانے والا پہلا محکمہ بن گیا ہے۔شاہی انتظامیہ کے مطابق محل کا پوسٹ روم ہر سال تقریبا 2 لاکھ ڈاک ارسال کرتا ہے جس میں مختلف تقریبات کے دعوت نامے، عوام اور ریاستی اراکین کی جانب سے موصول ہونے والے خطوط اور ان کے جواب وغیرہ شامل ہیں۔شاہی مونوگرام بنانے والا کالج آف آرمز 1484 میں قائم کیا گیا تھا جس کا مقصد سرکاری رجسٹرز بنانا اور ان کا خیال رکھنا ہے۔نئے سائفر کا ڈیزائن کالج آف آرمز نے بنایا مگر بادشاہ چارلس سوم نے اس کی منظوری دی جبکہ اس میں بنائے گئے اسکاٹش کران کی منظوری کنگ آف آرمز لارڈ لیون نے دی ہے۔

اس سائفر کو سرکاری دفاتر، دستاویزات، عمارتوں اور ڈاک کے لیے استعمال کیا جائے گا۔نئے سائفر کی نقاب کشائی کے ساتھ ہی برطانیہ میں بادشاہ کی شبی والے نئے سکے بھی جاری کرنے کا اعلان کردیا گیا ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق بتدریج ملکہ الزبتھ دوم کے مونوگرام کو بادشاہ کے مونوگرام سے تبدیل کردیا جائے گا۔تاہم شاہی انتظامیہ کو اختیار حاصل ہے کہ وہ پچھلے بادشاہ یا ملکہ کا سائفر کئی برسوں تک استعمال کرسکتے ہیں۔میڈیا ذرائع کے مطابق برطانیہ میں بادشاہ چارلس سوم کے پوٹرئے کے ساتھ نئے کرنسی نوٹ کا اجرا 2024 کے وسط میں کیا جائے گا۔شاہی سوگ کے اختتام کے بعد نئے شہزادے اور شہزادی آف ویلز کو ان کے القابات سے نوازا جائے گا جبکہ شہزادہ ولیم اور شہزادی کیٹ منگل کو ویلز کا دورہ کریں گے۔یاد رہے برطانیہ کی سب سے طویل عرصے تک حکمرانی کرنے والی ملکہ الزبتھ دوم 70 سال تک راج کرنے کے بعد 8 ستمبر کو اسکاٹ لینڈ میں انتقال کر گئیں تھیں، ان کی عمر 96 برس تھی۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی