i بین اقوامی

بے بی شارک گانا سننے والا قیدی امریکی جیل میں پراسرار طور پر ہلاکتازترین

September 15, 2022

امریکا کی جیل میں ایک قیدی پراسرار طور پر مردہ حالت میں پایا گیا ہے جس نے حکام پر اسے بچوں کا گیت بے بی شارک زبردستی سننے پر مجبور کرنے کا الزام عائد کیا تھا۔غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق جیل حکام کے جاری پریس بیان کے مطابق 48 سالہ قیدی جان باسکو گزشتہ اتوار کو اوکلا ہوما کاونٹی حراستی مرکز میں تشویشناک حالت میں پایا گیا تھا جس کو فوری طور پر طبی امداد دی گئی تاہم وہ جانبر نہ ہوسکا جس کے بعد ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دے دیا۔ جیل کے کمیونیکیشن ڈائریکٹر مارک اوپگرینڈ کے مطابق قیدی کی موت زیادہ منشیات استعمال کرنے کے باعث بھی ہوسکتی ہے اور اس حوالے سے تحقیقات کی جارہی ہیں۔واضح رہے کہ پراسرار موت کا شکار باسکو منشیات اسمگلنگ کے ایک کیس میں قید تھا اور وہ جیل حکام پر مقدمہ دائر کرنے والے قیدیوں کے اس گروپ میں شامل تھا جس نے حراستی مرکز کے اہلکاروں پر تشدد اور بچوں کا گانا بے بی شارک سننے پر مجبور کرنے کے الزامات عائد کیے تھے۔

جیل حکام اور عملے پر گزشتہ سال نومبر میں یہ مقدمہ دائر کرنے والوں میں ڈینیئل ہیڈرک، جوزف جوئی مچل اور جان باسکو شامل تھے جنہوں ںے اوکلاہوما سٹی کی وفاقی عدالت میں اوکلاہوما کاونٹی کمشنرز شیرف ٹومی جانسن III، جیل ٹرسٹی اور دو سابق جیلرز کے خلاف دیوانی مقدمہ دائر کیا تھا۔ جس میں الزام عائد کیا گیا تھا کہ جیل کے دو اہلکاروں اور ان کے سپروائزر نے ان کے ساتھ مجرمانہ طرز عمل اختیار کرتے ہوئے ان پر تشدد کیا تھا۔ شہری حقوق سے متعلق اس مقدمے میں اوکلاہوما سٹی جیل میں پہلے سے قید چار افراد نے بتایا کہ وہ بھی تشدد کے مختلف ہتھکنڈوں کا شکار تھے جس میں زبانی اور جسمانی تشدد کے ساتھ ایک وقت میں گھنٹوں کھڑے رکھنا اور بچوں کا گانا بے بی شارک سننے پر مجبور کیا جانا شامل تھا۔ایک رپورٹ کے مطابق 2020 میں ایک داخلی تحقیقات سے پتا چلا کہ کم از کم چار قیدیوں کو پکڑ کر ان کے ہاتھ پیچھے باندھ کر دیوار کے ساتھ کھڑ کیا گیا اور یہ گانا گھنٹوں اونچی آواز میں مسلسل چلایا گیا اور اس عمل کو نومبر اور دسمبر 2019 میں دو الگ الگ واقعات میں دہرایا گیا تھا۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی