بھارتی روپے کی ڈالر کے مقابلے میں قدر میں تاریخی کمی آئی ہے۔روپے کی قدر میں مزید گراوٹ کے خدشے اور پائونڈ کے نیچے جانے سے ڈالر سنہ 2002 کے بعد بلند ترین سطح پر پہنچ گیا ہے۔غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق پیر کو ڈالر تقریبا 81.30 انڈین روپے تک پہنچ گیا جبکہ اس سے قبل یہ 80.9900 انڈین روپے پر تھا۔ٹریڈرز کے مطابق جمعے کو ایک ڈالر کے مقابلے میں انڈین روپیہ 81.2250 کی ریکارڈ کم ترین سطح پر پہنچ گیا تھا، جس کی وجہ سے ریزرو بینک آف انڈیا (آر بی آئی) ڈالر فروخت کرنے پر مجبور ہو گیا تھا۔ آر بی آئی کی مداخلت کی وجہ سے روپے کی قدر میں کچھ بہتری دیکھنے میں آئی تھی۔ممبئی میں قائم بینک کے ایک ٹریڈر نے آر بی آئی کی سرکاری بینکوں کے ذریعے مداخلت کا شارہ دیتے ہوئے کہا کہ یہ ایک سخت اور اتار چڑھا والا سیشن ہو گا۔ سبھی کی نظریں مارکیٹ کھلتے ہی عام سرکاری بینکوں پر ہوں گی۔انہوں نے کہا کہ 81.20 پر آر بی آئی کی مداخلت کافی زبردست تھی اور مارکیٹیں یہ جاننا چاہیں گی کہ آیا اس سطح کو دوبارہ محفوظ کیا جائے گا۔ لیکن ایشیائی کرنسیوں کی لڑکھڑاہٹ کے پیش نظر آر بی آئی مداخلت کرنے کے لیے زیادہ مائل نہیں ہو سکتا۔واضح رہے کہ گرتے ہوئے برطانوی پائونڈ کی بدولت ایشیا ٹریڈنگ میں ڈالر انڈیکس 114.50 سے اوپر پہنچ گیا ہے، جو مئی 2002 کے بعد سب سے زیادہ ہے۔برطانیہ میں نئی حکومت کے معاشی پلان کے خوف سے پائونڈ کی قدر میں تاریخی کمی ہوئی ہے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی