i بین اقوامی

امریکی تاریخ کا طویل ترین شٹ ڈائون ختم، سینیٹ کے بعد ایوان نمائندگان سے بھی اخراجاتی بل منظور،صدرٹرمپ نے بل پر دستخط کردئیےتازترین

November 13, 2025

امریکی سینیٹ کے بعد ایوان نمائندگان میں بھی حکومتی اخراجات سے متعلق بل منظور کرلیا گیا جس کے بعد43روز تک جاری رہنے والا امریکی تاریخ کا طویل ترین شٹ ڈائون ختم ہوگیا۔ایوان نمائندگان میں 6 ڈیموکریٹس سمیت 222 ارکان نے بل کی حمایت میں ووٹ دیا جبکہ 2 ریپبلکن سمیت 209 ارکان نے بل کی مخالفت کی۔امریکی میڈیا کے مطابق بل دستخط کیلئے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو بھیجا گیا جنہوں نے اس پر دستخط کردئیے ۔عارضی فنڈنگ بل کی منظوری سے یکم اکتوبر سے جاری امریکی تاریخ کا طویل ترین شٹ ڈائون ختم ہوگیا۔غیرملکی خبر رساںادارے کے مطابق حکومت کیلئے 30 جنوری تک فنڈز فراہم کیے جا سکیں گے جس سے حکومت کی مالی سرگرمیاں بغیر رکاوٹ جاری رہ سکیں گی۔بل کا مقصد غذائی امدادی اسکیموں کی بحالی، تنخواہوں کی ادائیگی اور ائیر ٹریفک کنٹرول نظام دوبارہ فعال کرنا بھی ہے۔یہ اقدام امریکی قانون سازوں کی طرف سے طویل مالی بحران اور وفاقی خدمات میں خلل کے بعد اٹھایا گیا ہے جس نے ملک بھر میں سرکاری اداروں کی کارکردگی کو متاثر کیا تھا۔اس بل پر دستخط کرنے سے قبل صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ملک کبھی اس سے بہتر حالت میں نہیں رہا۔ صدر ٹرمپ نے کہا کہ آج بہترین دن ہے۔43 دن سے جاری شٹ ڈاون کی وجہ سے حالیہ ہفتوں میں ہزاروں سرکاری ملازمین بغیر تنخواہ کے کام کر رہے تھے جبکہ کئی کو فار لو (رخصت) اور کئی کو نکال دیا گیا تھا۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی