امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ امریکی شہریوں کو دھوکہ دینے والے تارکین وطن کی شہریت منسوخ ہوگی۔ ڈیٹرائٹ اکنامک کلب میں منعقد ہونے والی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہماری انتظامیہ صومالیہ یا کسی بھی دوسرے ملک سے تعلق رکھنے والے ایسے تارکین وطن کی شہریت منسوخ کرنے جا رہی ہے جنہوں نے ہمارے کسی شہری کو دھوکہ دیا ہو، ہم ان لوگوں کے خلاف کارروائی کرنے جا رہے ہیں جنہوں نے ہمارے شہریوں کو دھوکہ دیا ہو اور اس میں انہیں سزا ہوئی ہو، ایسے لوگوں کی شہریت منسوخ کر دی جائے گی۔ غیرملکی میڈیارپورٹس کے مطابق امریکہ نے ویزہ قوانین کی خلاف ورزیوں سے متعلق کارروائی کرتے ہوئے ایک لاکھ سے زائد افراد کے ویزے منسوخ کر دیئے ہیں جن میں ہزاروں غیر ملکی طلبا اور روزگار کے لیے آنے والے افراد بھی شامل ہیں
امریکی محکمہ خارجہ نے بتایا کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے دورِ صدارت کے پہلے سال کے دوران ایک لاکھ سے زیادہ ویزے منسوخ کیے گئے، ان میں کاروبار اور سیاحت کے ویزے رکھنے والے وہ افراد بھی شامل تھے جو مقررہ مدت ختم ہونے کے باوجود امریکہ میں قیام پذیر رہے۔محکمہ خارجہ کا کہنا تھا کہ جن افراد کے ویزے منسوخ کیے گئے ان میں 8 ہزار طلبہ اور 2 ہزار 500 روزگار کے لیے آنے والے افراد شامل ہیں، زیادہ تر کیسز میں افراد کے خلاف مجرمانہ ریکارڈ یا قانونی خلاف ورزیوں کے شواہد موجود تھے، جب کہ دسمبر کے آخر میں امریکی انتظامیہ نے سفری پابندیوں کی فہرست میں مزید پانچ ممالک کو شامل کیا، بعض دیگر ممالک کے لیے ویزے کی شرائط مزید سخت کی گئیں، اسی طرح جون میں صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اعلان کیا تھا کہ 12 ممالک کے شہری امریکہ کا سفر نہیں کرسکیں گے، سات ممالک کے شہریوں کو پابندیوں کا سامنا ہو گا۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی