i بین اقوامی

امریکا میں ایک اور مبینہ افغان دہشتگرد گرفتارتازترین

December 04, 2025

امریکی امیگریشن حکام نے ورجینیا میں ایک افغان شہری جان شاہ صفی کو داعش کو مبینہ مدد فراہم کرنے کے الزام میں گرفتار کر لیا۔ صفی کی گرفتاری ایسے وقت میں ہوئی ہے جب گزشتہ ایک ہفتے کے دوران آپریشن الائز ویلکم کے تحت امریکا آنے والے دو مزید افغان شہری بھی مختلف دہشت گردی کے الزامات میں گرفتار کیے جا چکے ہیں۔امریکی محکمہ ہوم لینڈ سیکورٹی کے مطابق گزشتہ روز امریکی امیگریشن اینڈ کسٹمز انفورسمنٹ نے ریاست ورجینیا کے شہر وینس بورو سے افغان شہری جان شاہ صفی کو گرفتار کیا۔ حکام کے مطابق صفی پر الزام ہے کہ اس نے داعش کو مادی مدد فراہم کی اور افغانستان میں اپنے والد، جو ایک ملیشیا کمانڈر ہیں، کو اسلحہ پہنچایا۔محکمہ ہوم لینڈ سیکورٹی کے مطابق صفی 8 ستمبر 2021 کو فلڈیلفیا کے راستے امریکا آیا تھا۔ مبینہ دہشتگرد صفی ان افغان شہریوں میں شامل تھا جنہیں طالبان کے افغانستان پر کنٹرول کے بعد سابق صدر جو بائیڈن کے دور میں آپریشن الائز ویلکم کے تحت امریکا لایا گیا تھا۔عالمی میڈیا کے مطابق صفی نے امریکا میں داخلے کے بعد عارضی محفوظ حیثیت کے لئے درخواست دی تھی، جو بعد میں اس وقت منسوخ کر دی گئی جب ہوم لینڈ سیکریٹری کرسٹی نوم نے افغان شہریوں کے لئے امریکا میں داخلے پر پابندی لگائی۔

ہوم لینڈ سیکریٹری کرسٹی نوم نے مبینہ دہشتگرد صفی کی گرفتاری کو قومی سلامتی کے لئے اہم قرار دیتے ہوئے کہا کہ جنگجوں کی مدد کرنے والے ایک دہشت گرد کو گرفتار کیا۔ اسے بائیڈن انتظامیہ نے بغیر مناسب جانچ پڑتال کے امریکا آنے دیا۔نوم نے حالیہ دنوں میں واشنگٹن ڈی سی کے قریب نیشنل گارڈ اہلکاروں پر حملے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ یہ کارروائیاں غیر جانچ شدہ افغان شہریوں کے ملک میں داخلے کا نتیجہ ہیں۔رحمان اللہ لکانوال ، واشنگٹن ڈی سی میں نیشنل گارڈ کے دو اہلکاروں پر فائرنگ کے الزام میں گرفتار ہوا۔ حملے میں ایک اہلکار ہلاک اور دوسرا زخمی ہوا۔ وہ بھی آپریشن الائز ویلکم کے تحت 2021 میں امریکا آیا تھا۔محمد داود الوکزئی، ٹیکساس کے شہر فورٹ ورتھ میں بم دھمکی کے الزام میں ایف بی آئی کی مشترکہ ٹاسک فورس نے گرفتار کیا۔

حکام کے مطابق اس نے سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو پوسٹ کی تھی جس میں مبینہ طور پر بم بنانے کا دعوی کیا گیا تھا۔جنوری 2022 میں امریکی محکمہ دفاع کے انسپکٹر جنرل کی رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ اگست 2021 کے انخلا کے دوران امریکا لائے گئے کئی افغان شہریوں کی مکمل جانچ پڑتال نہیں کی گئی تھی۔ رپورٹ کے مطابق کچھ افراد کے بارے میں حساس معلومات بعد میں ڈیٹا بیس میں سامنے آئیں۔ہوم لینڈ سیکریٹری نوم اور سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سابقہ انتظامیہ کی پالیسیوں کو غفلت قرار دیتے ہوئے کہا کہ امریکا میں داخل ہونے والے تقریبا 1,90,000 افغان شہریوں کی مناسب جانچ نہیں کی گئی۔موجودہ انتظامیہ دوبارہ مکمل ری ویٹنگ کا عمل شروع کرے گی۔ٹرمپ نے گزشتہ ہفتے اعلان کیا تھا کہ وہخطرے والے ممالک سے آنے والے افراد کی ہجرت عارضی طور پر روکیں گے اور امریکا کے امیگریشن نظام کی بحالی تک سخت پالیسیاں نافذ رہیں گی۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی