سعودی وزارت حج و عمرہ نے العمر ای گیٹ سے منٹوں میں عمرہ ویزا حاصل کرنے کی سہولت سے آگاہ کردیا۔ عرب میڈیا کے مطابق سعودی وزارت حج و عمرہ سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ عمرہ کے خواہاں فرزندان توحید العمر ای گیٹ سے ضروری کارروائی مکمل ہونے پر چند منٹوں کے اندر ہی عمرہ ویزا لے سکتے ہیں، عمرہ ویزا حاصل کرنے کے لیے مقام گیٹ کے ذریعے درخواست دی جاسکتی ہے، مقام گیٹ پر مطلوبہ خدمات بک کرانے کے بعد ویزا لینے کے لیے اپیلی کیشن نمبر حاصل کیا جائے، پھر عمرہ ویزا فارم بھرنے اوراس کا پرنٹ لینے کے لیے ویزوں کے قومی پلیٹ فارم سے رجوع کیا جائے، اس کے علاوہ عمرہ کے خواہشمند افراد مقامی ٹریولنگ ایجنسی کے ذریعے بھی عمرہ ویزا کے لیے درخواست دے سکتے ہیں، اس کے لیے ضروری ہے کہ صرف رجسٹرڈ ٹریولنگ ایجنٹ ہی سے رابطہ کیا جائے۔ بتاتے چلیں کہ رواں ماہ سعودی عرب نے ہر قسم کے ویزوں پر عمرہ کی سعادت حاصل کرنے کی اجازت دے دی تھی
فیصلے کا مقصد ایک سال میں 30 ملین عازمین تک پہنچنے کے سعودی 2030 وژن کے مقصد کو پورا کرنا ہے، سعودی وزارت حج و عمرہ کے انڈر سیکرٹری عبدالرحمن شمس نے کہا کہ سعودی عرب کے سیاحتی ویزا سمیت تمام قسم کے ویزوں کے حامل افراد کو عمرہ کرنے کی اجازت ہے، جس کے تحت اب کسیبھی قسم کے ویزے پر سعودی عرب آنے والے کے لیے اللہ کے گھر کی زیارت کرنا ممکن ہو گیا ہے، چاہے اس کا ویزا سیاحت کے لیے ہو یا کام یا کاروبار جیسے دیگر مقاصد کے لیے حاصل کیا گیا ہو۔ انہوں نے سعودی ٹیلی ویژن الاخباریہ کو بتایا کہ اعتمرنا ایپ کے ذریعے کچھ تنظیمی طریقہ کار کے تحت عمرہ کرنے کے لیے ترجیحی اپائنٹمنٹ بک کی جاتی ہے، اس فیصلے کا مقصد سعودی عرب کے 2030 کے وژن کو پورا کرنا ہے جس کا مقصد ہر سال 30 ملین عمرہ زائرین تک پہنچنا ہے کیوں کہ سعودی 2030 ویژن ایک پرجوش ترقیاتی منصوبہ ہے جو مملکت کی تیل پر منحصر معیشت کو متنوع بنانے کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی