اقوام متحد ہ نے غزہ پر اسرائیل کے حملوں میں کئی بچوں کی ہلاکت پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے،اقوام متحدہ کی ہائی کمشنر برائے انسانی حقوق مشیل بیچلیٹ نے اپنے تحریری بیان میں اسرائیل کے حالیہ حملوں میں ہلاک ہونے والے بچوں کی تعداد پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جھڑپوں میں کسی بھی بچے کو نقصان پہنچانا انتہائی پریشان کن ہے،بچوں کو مارنا اور زخمی کرنا غیر معقول ہے،مشیل بیچلیٹ نے کہا کہ گزشتہ ہفتے فلسطین میں اسرائیلی حملوں کے نتیجے میں 19بچے اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں،انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی انسانی حقوق کا قانون واضح اور غیر مبہم ہے۔ عام شہریوں یا عام شہریوں کو نشانہ بنانے والے حملے ممنوع ہیں، ان حملوں کو روکا جانا چاہیے ،مشیل بیچلیٹ نے کہا کہ اسرائیل کی جانب سے بین الاقوامی انسانی حقوق کے قانون کی بار بار خلاف ورزیوں کے لیے جوابدہی کا مکمل فقدان ہے، انہوں نے فلسطین میں شہری ہلاکتوں کے ذمہ داروں کے خلاف تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے،بیچلیٹ نے کہا کہ اسرائیل کے جاری تشدد کے سامنے استثنی کا ماحول تشدد کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہے،انہوں نے کہا کہ فلسطین کی صورت حال انتہائی نازک ہے، نابلس میں ہونے والے واقعات سے غزہ میں تنازعہ مزید بڑھنے کا خطرہ ہے۔ مزید خونریزی سے بچنے کے لیے زیادہ سے زیادہ صبر و تحمل کی ضرورت ہے۔
کریڈٹ:
انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی