اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوترس نے افغانستان کے دارالحکومت کابل میں روسی سفارت خانے پر خودکش حملے کی سخت الفاظ میں مذمت کی ہے۔ اس حملے میں سفارت خانے کے 2 ملازمین ہلاک ہوئے تھے۔ گوترس کے ترجمان اسٹیفن دوجارک نے ایک بیان میں کہا کہ کابل میں روسی فیڈریشن کے سفارت خانے کے قریبی علاقے میں حملے کی سیکرٹری جنرل شدید مذمت کرتے ہیں ۔ وہ مرنے والوں سے تعزیت کرتے ہیں ،اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے خواہاں ہیں۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ اقوام متحدہ کے اعلی عہدیدار نے اس بات کا اعادہ کیا ہے کہ بین الاقوامی انسانی قوانین کے تحت سفارتی مشنز سمیت عام شہریوں اور شہری تنصیات پر حملوں کی سختی سے ممانعت ہے۔ روسی وزارت خارجہ نے بتایا کہ کابل میں روسی سفارت خانے کے 2 ملازمین ایک نامعلوم عسکریت پسند کی جا نب سے سفارتی مشن کے قریب دھماکہ خیز ڈیوائس نصب کرنے کے بعد ہلاک ہوئے۔ وزارت نے ایک بیان میں کہا کہ دھماکہ مقامی وقت کے مطابق پیر کی صبح 10 بجکر 50 منٹ (پاکستانی وقت کے مطابق دن 11 بجکر 20 منٹ )پر روسی سفارت خانے کے قونصلر سیکشن کے داخلی دروازے کے قریبی علاقے میں ہوا۔ اس میں مزید بتایا گیا ہے کہ متاثرین میں افغان شہری میں بھی شامل ہیں ۔ سفارت خانہ تحقیقات کرنے والی افغان سیکیورٹی سروسز سے قریبی رابطے میں ہے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی