ایران کے صدر ابراہیم رئیسی نے اس خاتون کی موت کی تحقیقات کا حکم دیا ہے جو حراست کے دوران کومے میں چلی گئی تھیں۔ایران کی سرکاری نیوز ایجنسی اِرنا کے مطابق صدر ابراہیم رئیسی نے وزیرداخلہ احمد واحدی کو فوری طور پر خصوصی توجہ دیتے ہوئے اس واقعے کی تحقیقات کا حکم دیا ہے۔امریکی خبر ایجنسی ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق ایران کے سرکاری میڈیا نے جمعے کو اس خاتون کی موت کی خبر دی تھی جبکہ پولیس کا کہنا تھا کہ خاتون کی موت دل کے دورے سے ہوئی۔سوشل میڈیا پر چلنے والی رپورٹس کے مطابق 22 سالہ مہشا امینی کو رواں ہفتے کے شروع میں حجاب درست طریقے سے نہ اوڑھنے کی وجہ سے پولیس نے حراست میں لیا تھا۔واضح رہے کہ ایران میں خواتین کے لیے سکارف لینا لازمی ضروری ہے اور پولیس لباس سے متعلق ضابطوں کے نفاذ میں سخت گیری سے کام لیتی ہے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی