i بین اقوامی

ایران کیخلاف حملے سے پہلے سفارتکاری کو موقع دینا چاہیے، نائب امریکی صدرتازترین

January 13, 2026

نائب امریکی صدر جے ڈی وینس کی زیر قیادت سینئر معاونین نے صدر ٹرمپ پر زور دیا کہ ایران کے خلاف حملے سے پہلے سفارتکاری کو موقع دینا چاہیے۔امریکی میڈیا کے مطابق صدر ٹرمپ ایران میں جاری مظاہروں کے خلاف کریک ڈائو ن کے جواب میں ایران پر حملوں پر غور کر رہے ہیں تاہم نائب صدر چاہتے ہیں کہ حملے سے پہلے سفارتکاری کو موقع دینا چاہیے۔امریکی اخبار نے حکام کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ صدر ٹرمپ نے ابھی فیصلہ نہیں کیا تاہم فی الحال وہ ایران پر حملے کے حق میں ہیں لیکن ان کا رویہ بدل سکتا ہے۔ بعض امریکی حکام کے مطابق صدر پہلے حملے کا حکم دے سکتے ہیں جس کے بعد ایران کے ساتھ مذاکرات پر غور کا امکان ہے۔امریکی میڈیا کا دعوی ہے کہ وائٹ ہائو س ایران کی جانب سے اپنے جوہری پروگرام کے حوالے سے مذاکرات کی پیشکش پر غور کررہا تھا جبکہ ٹرمپ ایران کے خلاف فوجی کارروائی کی منظوری دینے پر غور کرتے دکھائی دے رہے تھے۔

دو سری جانب امریکا نے ایران میں کشیدہ صورت حال اور اپنی دھمکیوں کو ہوا دیتے ہوئے تمام امریکی شہریوں کو فوری طور پر ایران چھوڑنے کی ہدایت کر دی۔ایران میں امریکا کے ورچوئل سفارت خانے نے اپنے شہریوں کو ایران چھوڑنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک بھر میں ہونے والے احتجاج شدت اختیار کر رہے ہیں اور تشدد میں بدل سکتے ہیں۔امریکی سفارت خانے نے امریکی شہریوں کو مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ اگر ممکن ہو تو زمینی راستے سے آرمینیا یا ترکیہ کے ذریعے ایران چھوڑ دیں اور ایسے انتظامات کریں جن میں امریکی حکومت کی مدد پر انحصار نہ ہو۔سفارت خانے کی جانب سے مزید کہا گیا ہے کہ جو افراد ایران چھوڑنا نہیں چاہتے وہ کسی محفوظ جگہ پر گھر کے اندر رہیں اور احتجاجی سرگرمیوں سے دور رہیں، خوراک، پانی، ادویات اور دیگر ضروری اشیا کا ذخیرہ کر لیں۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی