ایران نے یورپی یونین کے وزارئے خارجہ کی کونسل کی جانب سے بعض ایرانی اداروں اور افراد کیخلاف یکطرفہ پابندیوں کے نفاذ کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم بہت جلد یورپی اداروں اور افراد کیخلاف پابندیاں عائد کریں گے۔منگل کو ایرانی خبررساں ادارے کے مطابق وزارت خارجہ کے ترجمان ناصر کنعانی نے یورپی یونین کے وزارئے خارجہ کی کونسل کی جانب سے بعض ایرانی اداروں اور افراد کیخلاف یکطرفہ پابندیوں کے نفاذ کی شدید مذمت کرتے ہوئے ان کو بین الاقوامی حقوق کی کھلی خلاف ورزی اور ایران کے اندورنی معاملات میں مداخلت کی واضح مثال قرار دیا۔ ترجمان نے کہا کہ بڑی افسوس کی بات ہے کہ خاص سیاسی عزائم سمیت بے بنیاد معلومات اور ایرانی قوم کے دشمن عناصر اور ان سے منسلک میڈیا کی جانب سے دعووں کے بیانات، اس غیر تعمیری اور غلط فیصلے کی بنیاد بنے ہیں۔کنعانی نے یورپی یونین کے وزرائے خارجہ کی کونسل کے ایران کیخلاف پابندیاں لگانے کے فیصلے کو ایک جانبدارانہ نقطہ نظر کا تسلسل اور سیاسی اہداف کے حصول کے لیے انسانی حقوق کا غلط استعمال قرار دیتے ہوئے اس طرح کے فیصلے کو بنیادی طور پر مسترد اور غیر موثر اور غلط قرار دیا۔انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ایران کی عظیم قوم پہلے ہی یورپی یونین اور اس کے ارکان کو امریکہ کی زیادہ سے زیادہ غیر قانونی پابندیوں کا ساتھ دینے اور اپنے جوہری وعدوں کو پورا کرنے کیلئے کوئی عملی اقدام نہ اٹھانے کی وجہ سے انسانی حقوق کا سب سے بڑا خلاف ورزی کرنے والا سمجھتی ہے۔ ترجمان نے ایرانی اداروں اور افراد کیخلاف لگائے گئے تمام الزامات کو مسترد کرتے ہوئے یورپی یونین کے وزرائے خارجہ کے حالیہ فیصلے کے رد عمل میں کہا کہ ہم بہت جلد یورپی اداروں اور افراد کیخلاف پابندیاں عائد کریں گے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی