جنوبی امریکہ کے ملک ایکواڈور کے ساحلی شہر کی جیل میں قیدو ں کے درمیان بدترین لڑائی سے کم سے کم 15 قیدی ہلاک اور 20 زخمی ہو گئے ہیں۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق گزشتہ روز ایکواڈور کے دارالحکومت کوئٹو سے تقریبا 80 کلومیٹر جنوب میں واقع ریاست لٹاکونگا میں واقع کوٹو پیکسی نمبر1 جیل میں قیدوں کے دو گروپس میں فسادات اور شدید لڑائی میں کم ازکم 15 قیدی ہلاک اور 20 زخمی ہو گئے ہیں ۔ کوٹوپیکسی صوبے کے گورنر اوسوالڈو کورونل نے صحافیوں کو بتایا کہ 14 قیدی زخمیوں کو ہسپتال منتقل کیا گیا ہیں جن کی شناخت کا عمل ابھی جاری ہے تاہم سکیورٹی حکام نے حالات قابو میں کر لئے ہیں۔ یاد رہے کہ فروری2021 سے اب تک اس جیل میں قیدوں کے درمیان فسادات کے دوران 400 سے زاہد قیدی ہلاک ہو چکے ہیں۔ مئی میں سانتا ڈومنگو کی ایک جیل میں قیدوں کی آپس کی لڑائی میں 43 قیدی ہلاک ہوئے تھے اور اس کے صرف دو ماہ بعد اسی جیل میں پر تشدد واقعات میں 12 قیدی ہلاک ہوئے تھے۔ امریکی کمیشن برائے انسانی حقوق نے کہا ہے کہ ایکواڈور کی جیلوں میں تقریبا 33,500 افراد قید ہیں، جو سرکاری اعداد و شمار کے مطابق گنجائش سے11.3 فیصد زیادہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایکواڈور کے پاس جیلوں کے نظام کے لیے کوئی جامع پالیسی اور حکمت عملی نہیں ہے اور قیدی بھیڑ اور خطرناک حالات کو برداشت کر رہے ہیں۔اہل خانہ کا خیال ہے کہ جیل میں پر تشدد واقعات میں مرنے والوں کی تعداد کہیں زیادہ ہیں اور وہ نظام کی اصلاح اور درستی کا مطالبہ کر رہے ہیں۔ انہوں نے مل کر جیلوں میں انصاف کے لیے فیملیز کی کمیٹی قائم کی ہے جس کا مطالبہ ہے کہ ریاست کو کئی دہائیوں کی غفلت کا ذمہ دار ٹھہرایا جائے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی