عالمی وبا کورونا وائرس کا سامنے کرنے والے شمالی کوریا کو ایک نئی وبا کا سامنا ،شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ ان نے ملک کے مغربی بندرگاہی شہر ہیجو میں آنتوں کی شدید بیماری میں مبتلا مریضوں کی جلد از جلد مدد کے لیے دوائیں روانہ کردی ہیں۔ رپورٹ کے مطابق شمالی کوریا کے سرکاری میڈیا کا کہنا ہے کہ کم جونگ ان نے مشتبہ مریضوں کو قرنطینہ میں رکھ کر اس وبا کے پھیلاوں کو روکنے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اس وبا سے مرنے والوں کی تعداد 73 ہوگئی ہے تاہم متاثرہ افراد کی تعداد اور اس بیماری کے حوالے سے تفصیلات نہیں دی گئی ہیں۔ دوسری جانب جمعرات کو 26 ہزار 10 افراد میں بخار کی علامات ظاہر ہوئی ہیں جبکہ اپریل کے آخر تک شمالی کوریا میں بخار میں مبتلا مریضوں کی کل تعداد 4.56 ملین کے قریب ریکارڈ کی گئی تھی۔ شمالی کوریا کا دعوی ہے کہ کورونا وائرس میں کمی کے آثار ہیں جبکہ عالمی ادارہ صحت نے اس دعوی پر شکوک و شبہات کا اظہار کیا ہے، ان کا کہنا ہے کہ صورت حال بدتر ہوتی جارہی ہے۔ واضح رہے کہ شمالی کوریا کا شہر پیانگ یانگ روزانہ بخار میں مبتلا مریضوں کی تعداد کا اعلان کرتا ہے تاہم ان میں ٹیسٹنگ کٹس کی عدم دستیابی کے باعث کورونا وائرس کی تصدیق نہیں ہوسکی ہے۔
کریڈٹ:
انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی