کمیونسٹ پارٹی آف چائنہ (سی پی سی) کی مرکزی کمیٹی کے جنرل سیکرٹری،صدر شی جن پھنگ کی زیر صدارت کمیونسٹ پارٹی آف چائنہ کی مرکزی کمیٹی کے پولیٹیکل بیورو کا اجلاس ہوا جس میں موجودہ اقتصادی صورتحال کا تجزیہ کیا اور رواں سال کی دوسری ششماہی کے لیے اقتصادی امورکو مرتب کیاگیا۔اجلاس میں کہاگیا کہ رواں سال کے آغاز سے، چین نے اقتصادی اور سماجی ترقی کے ساتھ کوویڈ-19 کی وبا کی موثر طریقے سے روک تھام کرتے ہوئے اس پر قابو پایا ہے ، جس کے مثبت نتائج سامنے آئے اور دونوں محاذوں پر نئی کامیابیاں حاصل کی گئی ہیں۔ اور یہ کہ پورے ملک نے سخت کوشش کی اوریہ کامیابیاں مکمل طور پر اعتراف کیے جانے کی مستحق ہیں۔اس بات کی نشاندہی کرتے ہوئے کہ ان کامیابیوں کے ساتھ ساتھ، ملک کی موجودہ اقتصادی کارکردگی کو کچھ نمایاں چیلنجز کا سامنا ہے، اجلاس میں تزویراتی توجہ کو برقرار رکھنے اورملکی معاملات کو بہترطریقے سے چلانے پر زور دیا گیا۔ 2022 کی دوسری ششماہی کے لیے، اجلاس میں اقتصادی بحالی کے اوپر کی جانب رجحان کو مستحکم کرنے، روزگار اور قیمتوں کو مستحکم رکھنے، معیشت کو مناسب حد کے اندر چلانے اور بہترین ممکنہ نتائج کے لیے کوششوں پر زور دیا گیا۔
اجلاس میں کہا گیا کہ اقتصادی اور سماجی ترقی کے ساتھ کوویڈ-19 کی روک تھام اور کنٹرول کو موثر طریقے سے مربوط کرنے کے لیے کوششوں کی ضرورت ہے۔اجلاس میں زور دیا گیا کہ وباکی روک تھام وکنٹرول اور معاشی و سماجی ترقی کے درمیان تعلق پر نظر رکھنے کے لیے ایک جامع، منظم، طویل مدتی اور خاص طور پر سیاسی نقطہ نظر کا استعمال کیا جانا چاہیے۔اجلاس میں ملک کی متحرک صفرکوویڈ پالیسی پر غیرمتزلزل عمل کرنے کی اہمیت کا اعادہ اور وبا کی روک تھام اور کنٹرول کی کوششوں کو فوری اور سختی سے نافذ کرنے اور سستی اور کاہلی کے خلاف خبردار کیا گیا۔اجلاس میں کہا گیا کہ ملک کی اقتصادی اور سماجی ترقی میں تبدیلی لانے والے بڑے امورکے لیے منظم کوششوں کو یقینی بنایا جانا چاہیے۔ اس بات پر بھی زور دیا گیا کہ میکرو پالیسیوں کو طلب میں اضافے کے لیے فعال کردار ادا کرنا چاہیے، اورمالیاتی اورمالی پالیسیوں کو سماجی طلب کی کمی کو مثر طریقے سے پورا کرنا چاہیے۔
کریڈٹ:
انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی