فرانس کی پارلیمنٹ نے سویڈن اور فن لینڈ کے تنظیم معاہدہ شمالی اوقیانوس (نیٹو) سے الحاق کے پروٹوکول کی توثیق کر دی ہے۔بدھ کے روزقومی اسمبلی کی ویب سائٹ پر جاری کردہ ایک سرکاری دستاویز میں اسمبلی کی صدر یائل براون پیویٹ نے تحریر کیا ہے کہ گزشتہ روز بحث کے بعد پروٹوکول کی توثیق کے دونوں بل منظور کر لیے گئے ہیں ، ان کے حق میں 209 اور مخالفت میں 46 ووٹ پڑے۔فرانسیسی وزیر خارجہ کیتھرین کولونا نے گزشتہ روز فرانسیسی قومی اسمبلی کے اجلاس کے دوران کہا کہ روس ۔ یوکرائن تنازعہ کیدوران فن لینڈ اور سویڈن نے اپنی خودمختاری کیلئے فیصلہ کیا ہے کہ اتحاد بحر اوقیانوس میں شامل ہو کر اپنی سلامتی کو بہتر طور پر یقینی بنایا جائے ۔ یہ ان کا انتخاب ہے، ہم اس کا احترام کرتے ہیں اور ہم اس کی حمایت کریں گے۔سویڈن اور فن لینڈ کو نیٹو کے آرٹیکل 5 کے مطابق اتحاد کے تحفظ کیلئے نیٹو کے 30 رکن ممالک کی توثیق کی ضرورت ہے۔ابتدائی طور پر ترکی نے ترک مخالف گروہوں کی حمایت کا الزام لگاتے ہوئے فن لینڈ اور سویڈن کے نیٹو سے الحاق کو روک دیا تھا کیونکہ انہوں نے انقرہ کی جانب سے کالعدم کردستان ورکرز پارٹی (پی کے کے) اور گولن تحریک سے وابستہ مشتبہ افراد کی حوالگی کی درخواستوں کو مسترد کر دیا تھا۔جولائی کے اوائل میں دونوں شمالی ممالک نے برسلز میں نیٹو کے ہیڈ کوارٹر میں الحاق سے متعلق بات چیت مکمل کی اور 30 اتحادیوں نے الحاق کے پروٹوکول پر دستخط کیے، جسے پھر تمام نیٹو ممالک کے پاس اپنے قومی طریقہ کار کے مطابق توثیق کیلئے بھیجا جاتا ہے-
کریڈٹ:
انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی