گوادر میں حالیہ مون سون بارشوں کے نتیجے میں پیدا ہونے والی صورتحال سے نمٹنے کیلئے رین ریسپانس ٹیمیں ہائی الرٹ ہو گئیں ، جی ڈی اے کے چھ واٹر ٹینکرز، دو ٹریکٹر، 20 پانی صاف کرنے والی مشینیں، اور ایک ایکسویٹر بھی رین ریسپانس ٹیم میں تعینات ۔گوادر پرو کے مطابق حالیہ مون سون بارشوں کے نتیجے میں پیدا ہونے والی صورتحال اور شدید بارشوں کے ساتھ متوقع آندھی کے حوالے سے حفاظتی اقدامات کا جائزہ لینے کے لیے چیئرمین گوادر ڈویلپمنٹ اتھارٹی (جی ڈی اے) مجیب الرحمان قمبرانی نے کمشنر گوادر کیپٹن (ریٹائرڈ) جامی احمدکے ہمراہ ہفتہ کو ساحلی شہر گوادر کا دورہ کیا۔گوادر پرو کے مطابق دونوں عہدیداروں نے صفائی کی جاری سرگرمیوں اور شہر میں مستقبل میں آنے والے شہری سیلاب سے نمٹنے کے انتظامات کا معائنہ کیا اور تاریخی مقام ملا فاضل چوک اور شہر کے دیگر حصوں میں دیکھ بھال کے کام کا جائزہ لیا۔ جی ڈی اے کی رین ریسپانس ٹیم اپنے آلات اور مشینری کے ساتھ شہر کی مختلف گلیوں اور سڑکوں پر موجود ہے۔ شدید بارش کی صورت میں 450,000 گیلن پانی کی گنجائش کے دو سیوریج ٹریٹمنٹ پلانٹس استعمال کیے جائیں گے۔ جی ڈی اے کے چھ واٹر ٹینکرز، دو ٹریکٹر، 20 پانی صاف کرنے والی مشینیں، اور ایک ایکسویٹر بھی رین ریسپانس ٹیم میں تعینات ہیں۔ گوادر پرو کے مطابق مون سون بارشوں کے حالیہ سپیل کے دوران رین ریسپانس ٹیم نے گوادر شہر میں ایک ڈیزاسٹرکو ناکام بنا دیا۔ مکران ڈویژن میں موسلا دھار بارش سے کیچ اور گوادر کے اضلاع میں سیلابی پانی کئی گھروں میں داخل ہوگیا۔ تاہم، کوئیک رسپانس ٹیم نے نہ صرف شہر کا پانی نکالنے میں کامیابی حاصل کی بلکہ متاثرہ خاندانوں میں امدادی سامان بھی تقسیم کیا۔ ٹیمیں عید الاضحی کے روز بھی ڈیوٹی پر موجود رہیں۔ پانی کو سمندر کی طرف دھکیل دیا گیا۔ ملا فضل چوک شہر کے سب سے زیادہ متاثرہ علاقوں میں سے ایک ہے۔ مقامی لوگوں اور دکانداروں نے اپنے مسائل کے بارے میں حکام کے ساتھ اپنے تحفظات اور تجاویز کا تبادلہ کیا۔ حکام نے گوادر کے اولڈ ٹاؤن کی بحالی کے تحت جاری مختلف منصوبوں کی سائٹس کا بھی دورہ کیا۔
کریڈٹ:
انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی