i آئی این پی ویلتھ پی کے

طویل مدتی معاشی استحکام کے لیے جامع اصلاحات ،ساختی خامیوں کو دور کرنا اور نجی شعبے کی ترقی کو فروغ دینا ضروری ہے' ویلتھ پاکتازترین

January 17, 2025

افراط زر اور شرح سود میں کمی قلیل مدتی ریلیف فراہم کرتی ہے لیکن طویل مدتی معاشی استحکام کے حصول کے لیے جامع اصلاحات کے ذریعے ساختی خامیوں کو دور کرنا اور نجی شعبے کی ترقی کو فروغ دینا ضروری ہے۔وزارت خزانہ کی طرف سے شائع کردہ دسمبر 2024 کی آوٹ لک رپورٹ نومبر 2024 میں افراط زر میں سال بہ سال 4.9فیصد تک کمی کو ظاہر کرتی ہے جو اکتوبر میں 7.2فیصد اور نومبر 2023 میں 29.2فیصدتھی۔ ماہ بہ ماہ مہنگائی میں اضافہ ہوا جونومبر 2024 میں 0.5فیصد، اکتوبر میں 1.2فیصداور نومبر میں 2.7فیصدہے۔ مانیٹری پالیسی کمیٹی نے پالیسی ریٹ میں 200 بیسس پوائنٹس کی کمی کر کے 13فیصدکر دی جو کہ 17 دسمبر 2024 سے لاگو ہو گی جس سے جون سے اب تک کل کمی 900 بیسز پوائنٹس ہو گئی۔ یہ فیصلہ افراط زر کی توقعات کے مطابق ہے، مالیاتی اور بیرونی استحکام، اور سازگار عالمی اجناس کے حالات کو ظاہر کرتا ہے۔پالیسی ریسرچ انسٹی ٹیوٹ آف مارکیٹ اکانومی کے ڈپٹی ایگزیکٹو ڈائریکٹر سید علی احسان نے ویلتھ پاک کو بتایا کہ گھریلو مانگ میں کمی کی وجہ سے افراط زر میں کمی آ رہی ہے۔ انہوں نے نوٹ کیاکہ معیشت میں سست روی براہ راست مہنگائی میں کمی کا باعث بنتی ہے۔ مانیٹری پالیسی میں حالیہ 200 بیسز پوائنٹس کی کمی سے زیادہ اخراجات کی حوصلہ افزائی کی توقع ہے، خاص طور پر جب نجی شعبے کے قرضے زیادہ قابل رسائی ہوتے ہیں۔

احسان نے قرض لینے پر حکومت کے انحصار پر تشویش کا اظہار کیاجو ان کے خیال میں نجی شعبے کی ترقی کو روک سکتا ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ حکومت کو چاہیے کہ وہ نجی شعبے کو کم شرح سود کے فوائد کو جذب کرنے کے بجائے اخراجات میں آگے بڑھنے کی اجازت دے۔احسان کے مطابق معیشت پر ان اقدامات کے مکمل اثرات ممکنہ طور پر بتدریج سامنے آئیں گے اور ترقی کے استحکام پر ان کے طویل مدتی اثرات کا انحصار ایک متوازن مالیاتی حکمت عملی اور نجی شعبے کی ترقی کے لیے زیادہ تعاون پر ہوگا۔پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف ڈویلپمنٹ اکنامکس میں میکرو پالیسی لیب کے سربراہ ڈاکٹر ناصر اقبال نے گزشتہ سال کے دوران مستحکم شرح مبادلہ کے مثبت اثرات کو تسلیم کیا لیکن اس بات پر زور دیا کہ مہنگائی میں کمی قیمتوں میں نمایاں کمی کے مترادف نہیں ہے۔ "4.9فیصدافراط زر کی شرح اس بات کی نشاندہی کرتی ہے کہ قیمتیں اب بھی پچھلے سال سے زیادہ ہیںلیکن قیمتوں میں اضافے کی رفتار سست پڑ گئی ہے۔ یہ پالیسی پر مبنی تبدیلی کے بجائے مارکیٹ میں ایک فطری اصلاح ہے۔انہوں نے نوٹ کیا کہ حکومت کی موجودہ پالیسیاں افراط زر کو برقرار رکھنے والے ساختی مسائل کو حل کرنے کے بجائے سرمایہ کاری کو بڑھانے پر زیادہ توجہ مرکوز کرتی ہیں۔

قیمت کے طریقہ کار کو بہتر بنانے اور طلب اور رسد کو مستحکم کرنے کے لیے اصلاحات کے بغیر افراط زر میں بہتری پائیدار نہیں ہو گی۔انہوں نے وضاحت کرتے ہوئے کہاکہ حکومت سرمایہ کاری بڑھانے پر توجہ مرکوز کرتی ہے لیکن اس سے براہ راست افراط زر یا طویل مدتی قیمتوں پر قابو نہیں پایا جاتا ہے۔ دیرپا معاشی استحکام کے لیے معاشی پالیسیوں کی جامع تبدیلی ضروری ہے۔ پائیدار پالیسی اقدامات کے لیے ان کا مطالبہ قلیل مدتی اصلاحات سے طویل مدتی ڈھانچہ جاتی اصلاحات کی طرف منتقل ہونے کی ضرورت کی عکاسی کرتا ہے۔جہاں افراط زر اور پالیسی ریٹ میں کمی قلیل مدتی اقتصادی بحالی کے لیے پرامید ہے، ماہرین نے بنیادی ساختی مسائل کو حل کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔ قیمتوں کو مستحکم کرنے اور نجی شعبے کی پائیدار ترقی کو فروغ دینے کے لیے جامع اصلاحات کے بغیر مثبت رجحانات طویل مدتی اقتصادی استحکام کا باعث نہیں بن سکتے۔ حکومت کو متوازن اور فروغ پزیر معیشت کو یقینی بنانے کے لیے اپنی توجہ قلیل مدتی اقدامات سے پائیدار طویل المدتی اقتصادی حکمت عملیوں پر مرکوز کرنی چاہیے۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی ویلتھ پاک