i آئی این پی ویلتھ پی کے

پاکستان میںنوزائیدہ بچوں کی اموات میں کمی، ماں اور بچے کی صحت کے اشاریے بہتر: ویلتھ پاکستانتازترین

January 14, 2026

پاکستان میں ماں اور بچے کی صحت میں نمایاں بہتری آئی ہے اور ملک بھر میں اہم اشاریے مسلسل بہتر ہو رہے ہیں۔ ہاوس ہولڈ انٹیگریٹڈ اکنامک سروے 2024-25 کے تازہ نتائج کے مطابق نوزائیدہ بچوں کی اموات کی شرح کم ہو کر ایک ہزار زندہ پیدائشوں میں 47 رہ گئی ہے جو پچھلے سروے میں ایک ہزار میں 60 تھی۔ یہ کمی ماں اور نوزائیدہ بچوں کو بہتر طبی سہولیات کی فراہمی کی عکاس ہے اور بچوں کی ابتدائی زندگی میں بقا کی شرح میں واضح بہتری کو ظاہر کرتی ہے۔اسی طرح نوزائیدہ بچوں کی اموات کی شرح، جو زندگی کے پہلے 28 دنوں میں ہونے والی اموات کو ظاہر کرتی ہے، ایک ہزار میں 41 سے کم ہو کر 35 ہو گئی ہے۔ اس سے حمل کے دوران بہتر دیکھ بھال، محفوظ زچگی کے طریقوں اور پیدائش کے بعد بہتر طبی سہولتوں کی نشاندہی ہوتی ہے۔ ابتدائی عمر میں اموات میں کمی صحت کے نظام میں بہتری کو ظاہر کرتی ہے۔ماں کی صحت سے متعلق اشاریوں میں بھی بہتری دیکھی گئی ہے۔ تربیت یافتہ طبی عملے کی موجودگی میں ہونے والی پیدائشوں کی شرح 71 فیصد سے بڑھ کر 84 فیصد ہو گئی ہے۔ پنجاب میں یہ شرح سب سے زیادہ 88 فیصد رہی جبکہ بلوچستان میں سب سے کم 58 فیصد ریکارڈ کی گئی جو صحت کی سہولتوں میں علاقائی فرق کو ظاہر کرتی ہے۔

سروے کے مطابق زچگی سے پہلے طبی معائنہ کروانے والی خواتین کی شرح 84 فیصد سے بڑھ کر 88 فیصد ہو گئی ہے۔ حمل کے دوران طبی دیکھ بھال ماں اور بچے کی صحت کے لیے بہت اہم ہوتی ہے اور پیچیدگیوں کی بروقت نشاندہی میں مدد دیتی ہے۔بچوں کو حفاظتی ٹیکے لگانے کی شرح میں بھی اضافہ ہوا ہے۔ مکمل حفاظتی ٹیکے لگوانے والے بچوں کی تعداد 68 فیصد سے بڑھ کر 73 فیصد ہو گئی ہے جس سے ویکسینیشن پروگرامز کی بہتری اور عوامی آگاہی میں اضافے کا پتا چلتا ہے۔ اس سے بچوں کی بیماریوں اور اموات میں کمی آئی ہے۔ایچ آئی ای ایس کے نتائج ملک بھر میں صحت کی سہولتوں، بنیادی ڈھانچے اور خدمات کی فراہمی میں مجموعی بہتری کو ظاہر کرتے ہیں۔ اعداد و شمار کے مطابق صحت مراکز کی دستیابی، بہتر رسائی اور عوامی شعور میں اضافے نے ماں اور بچے کی صحت بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔یہ سروے پاکستان کا پہلا مکمل ڈیجیٹل گھریلو سروے تھاجس میں ملک بھر کے تقریبا 32 ہزار گھرانوں کو شامل کیا گیا۔ یہ سروے سماجی اور صحت سے متعلق اشاریوں کا جامع جائزہ فراہم کرتا ہے اور مستقبل کی پالیسی سازی کے لیے ایک اہم بنیاد ہے تاکہ پاکستان میں ماں اور بچے کی فلاح و بہبود کو مزید بہتر بنایا جا سکے۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی ویلتھ پاک