i آئی این پی ویلتھ پی کے

پاکستان اسٹیل ملز کی بحالی اہم مرحلے میں داخل، روسی اور چینی کمپنیوں کی تکنیکی رپورٹس کا انتظار،ویلتھ پاکستانتازترین

July 13, 2026

پاکستان اسٹیل ملز کی بحالی کا منصوبہ ایک اہم مرحلے میں داخل ہو گیا ہے جہاں حکومت کو روس اور چین کی دو کمپنیوں کی الگ الگ تکنیکی رپورٹس کا انتظار ہے۔ دونوں کمپنیوں نے ملک کے سب سے بڑے مربوط فولاد سازی کے ادارے کا موقع پر تفصیلی جائزہ مکمل کر لیا ہے جس کے بعد ان رپورٹس کی بنیاد پر بحالی کے لیے موزوں ترین حکمتِ عملی کا تعین کیا جائے گا۔ ویلتھ پاکستان کو دستیاب سرکاری دستاویزات کے مطابق روس کی میٹ پروم گروپ کے چار انجینئروں پر مشتمل وفد نے 7 سے 12 جون کے دوران پاکستان اسٹیل ملز کا تفصیلی معائنہ کیا۔ یہ دورہ کمپنی کی جانب سے طویل عرصے سے بند اس صنعتی ادارے کی بحالی کی پیشکش کے بعد کیا گیا۔ دستاویزات کے مطابق 4 مارچ 2026 کو پاکستان اسٹیل ملز اور میٹ پروم گروپ کے درمیان ایک مفاہمتی طریقہ کار پر دستخط کیے گئے تھے جس کے تحت مرحلہ وار بحالی، مرمت، جدید کاری اور توسیع کے لیے بنیادی خاکہ طے کیا گیا۔ روسی کمپنی نے آئندہ تین برس کے دوران سالانہ تیس لاکھ ٹن پیداواری صلاحیت بحال کرنے کی تجویز دی ہے۔

منصوبے میں روایتی بھٹیوں اور برقی بھٹیوں کے امتزاج سے پیداواری نظام کو جدید بنانے کی تجویز شامل ہے تاکہ کارکردگی اور پیداواری لچک میں اضافہ کیا جا سکے۔ اب روسی کمپنی کی حتمی تکنیکی رپورٹ کا انتظار ہے جس میں انجینیئرنگ ضروریات، بحالی کے کاموں اور منصوبے پر عمل درآمد کی حکمتِ عملی سے متعلق تفصیلی سفارشات پیش کیے جانے کا امکان ہے۔ دوسری جانب پاکستان چین کی جولی گروپ کی جانب سے پیش کی گئی علیحدہ تجویز کا بھی جائزہ لے رہا ہے۔ چینی کمپنی کے چھ رکنی وفد نے 24 سے 27 اپریل 2026 کے دوران پاکستان اسٹیل ملز کا دورہ کیا اور ادارے کی فنی و معاشی جانچ کی۔ وفد نے اس دوران بلند بھٹیوں، کوک اوونز اور فولاد سازی کے مختلف یونٹس سمیت اہم پیداواری تنصیبات کا معائنہ کیا تاکہ بنیادی ڈھانچے کی موجودہ حالت اور بحالی کے امکانات کا جائزہ لیا جا سکے۔ سرکاری دستاویزات کے مطابق جولی گروپ اور پاکستان اسٹیل ملز کی تکنیکی ٹیم کے درمیان ابتدائی فنی معلومات کا تبادلہ ہو چکا ہے جبکہ چینی کمپنی کی حتمی تکنیکی رپورٹ کا بھی انتظار کیا جا رہا ہے۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی ویلتھ پاک