کرومیم کے لیے جدید ترین پروسیسنگ اور نکالنے کے طریقوں کا فقدان پاکستان میں شدید ماحولیاتی خطرات کا باعث بن رہا ہے۔بلوچستان میں قائم فرم کوہ دلیل مائننگ کمپنی پرائیویٹ لمیٹڈ کے چیف جیولوجسٹ عبدالبشیر نے کہاکہ کرومیم کے ناقص طریقے سے نکالنے سے مٹی اور پانی آلودہ ہوتا ہے اور یہ ماحولیاتی نظام اور مقامی کمیونٹیز دونوں کو نقصان پہنچاتا ہے۔ویلتھ پاک سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ کرومیم کو ویلیو ایڈڈ مصنوعات میں نکالنے اور پروسیسنگ کے لیے جدید تکنیکوں کی اشد ضرورت ہے۔تاہم انہوں نے کہاکہ جدید تکنیکوں کا فقدان زیادہ تر کرومیم کانوں میں پیداوار میں ناکامی، کم سرمایہ کاری اور کم منافع کا سبب بن رہا ہے۔بشیر نے کہا کہ کروم ایسک کان کنی کے آپریشنز میں مزدوروں کے لیے حفاظتی اقدامات کا فقدان ہے۔ کان کے مالکان کے لیے مزدوروں کا ماہانہ طبی معائنہ لازمی ہونا چاہیے۔ کانوں کے اندر ہونے والے ناخوشگوار واقعات میں ہلاکتوں سے بچنے کے لیے کارکنوں کو حفاظتی سامان سے لیس کیا جانا چاہیے۔انہوںنے صحت کے خطرات سے بچنے کے لیے رہائشی علاقوں سے دور کروم اپ گریڈیشن پلانٹس لگانے پر بھی زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ حفاظتی مطابقت کو جانچنے کے لیے باقاعدہ معائنہ یقینی بنایا جائے۔انہوں نے کہا کہ کچرے سے کرومیم کو محفوظ طریقے سے ہٹانا یا بازیافت کرنا معاشی اور ماحولیاتی استحکام کے لیے بہت اہمیت کا حامل ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کو اپنی پائیدار ترقی کے لیے کان کنی کے شعبے میں غیر ملکی سرمایہ کاری کو راغب کرنے کی ضرورت ہے۔ بشیر نے زور دے کر کہاکہ ماحول دوست کان کنی کے طریقوں کو فروغ دینے کے اقدامات کے ساتھ ساتھ کان کنی کی صنعت کی ترقی کو ترغیب دینے والی حکومتی پالیسیاں کرومیم کی حقیقی صلاحیت کو کھولنے کے لیے اہم ہیں۔ویلتھ پاک سے بات کرتے ہوئے ماہر ارضیات اور کان کن عمران بابر نے کہاکہ کرومیم ایک ورسٹائل دھات ہے جو بڑے پیمانے پر الیکٹرانکس کی تیاری اور مختلف صنعتی ایپلی کیشنز میں استعمال ہوتی ہے۔ بلوچستان میں بڑے پیمانے پر اس کی کان کنی کی جاتی ہے۔ کرومیم ایسک کی کان کنی اور پروسیسنگ کے ماحولیاتی اور صحت پر بھی اثرات پڑ سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ کرومیم مرکبات سرطان پیدا کرنے والے اور زہریلے ہو سکتے ہیں۔ ممکنہ خطرات کو کم کرنے، اور پیداوار کے پائیدار طریقوں کو یقینی بنانے کے لیے، مناسب حفاظتی اقدامات پر غور کرنا ضروری ہے۔بابر نے کہا کہ کرومیم ایسک کی روایتی نکالنے اور پروسیسنگ سے معاشی اور ماحولیاتی دونوں طرح کے نقصانات ہو رہے ہیں۔ حکومت کو کروم کان کنوں کو کم لاگت نکالنے اور پروسیسنگ کا سامان فراہم کرکے ان کی مدد کرنی چاہیے۔ آسان بینک کریڈٹ کو بھی بڑھایا جانا چاہئے تاکہ وہ اپنے کام کو جدید بنا سکیں۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی ویلتھ پاک