سندھ کے کاشتکاروں نے گنے کی قیمت میں 100 روپے فی 40 کلو گرام کمی پر تشویش کا اظہار کیا ہے جس سے انہیں نقصان ہوا ہے۔ ملرز نے پہلے ہی گنے کی قیمت مقرر کرنے کے نوٹیفکیشن کے اجرا میں تاخیر کا فائدہ اٹھاتے ہوئے کاشتکاروں کو بے پناہ نقصان پہنچایا اور اب شوگر ملوں نے کرشنگ کا عمل سست کر دیا ہے جس سے فصل کھیتوں سے اٹھانے میں تاخیر ہو رہی ہے۔سندھ چیمبر آف ایگریکلچر نے صوبائی حکومت سے اس صورتحال کا نوٹس لینے کی اپیل کی ہے کیونکہ اگر ملرز کم قیمت پر گنے کی فصل خریدنے پر تلے ہوئے ہیں تو کاشتکاروں کو ان کے اخراجات پورے کرنے کی قیمت نہیں ملے گی۔سندھ چیمبر آف ایگریکلچر کے جنرل سیکریٹری زاہد بھرگڑی نے ویلتھ پاک کو بتایاکہ شوگر ملوں نے قیمت نہیں دی تھی جسے صوبائی حکومت نے موجودہ سیزن کے لیے گنے کے لیے مطلع کیا تھا۔انہوں نے کہا کہ گنے کی قیمت 475 روپے فی 40 کلو گرام سے کم کر کے 375 روپے کر دی گئی ہے جو کہ کاشتکاروں کے ساتھ ناانصافی ہے جو پہلے ہی کھاد، بجلی، ڈیزل کی مہنگائی کی وجہ سے مشکلات کا شکار ہیں۔انہوں نے کہا کہ ملوں نے اس وقت 50ہزارٹن گنے کی یومیہ کرشنگ کی جو ان کی یومیہ 2لاکھ ٹن کی گنجائش سے بہت کم ہے جس کی وجہ سے کھیتوں سے ملوں تک فصل اٹھانے میں تاخیر ہوئی۔
انہوں نے کہا کہ یہ جان بوجھ کر کاشتکاروں کو رعایتی قیمتوں پر فصل فروخت کرنے پر مجبور کرنے کے لیے کیا جا رہا ہے۔انہوںنے کہا کہ اگر یہ صورتحال برقرار رہی تو گنے کے کاشتکار اگلے سیزن میں فصل کی بوائی نہیں کریں گے۔ انہوں نے صوبائی حکومت سے گنے کی قیمت بحال کرنے کی اپیل کی تاکہ کاشتکاروں کو ان کی پیداوار کی اصل قیمت مل سکے۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ گنے کی کرشنگ میں تیزی لائی جائے تاکہ کھیتوں سے فصل اٹھانے کا عمل تیز ہو۔گنا سندھ کی سب سے بڑی قیمتی نقد آور فصلوں میں سے ایک ہے۔ تاہم، ادائیگی میں تاخیر چینی مارکیٹ میں ایک مستقل خصوصیت ہے۔شوگر انڈسٹری سیزن کے آغاز میںعام طور پر کاشتکاروں کو دو ہفتوں کے اندر ادائیگی کرتی ہے جیسا کہ شوگر فیکٹر کنٹرول ایکٹ، 1950 میں بتایا گیا ہے۔ ملز کا خیال ہے کہ ایسا لیکویڈیٹی کے مسئلے کی وجہ سے ہوتا ہے۔ایک شوگر ملز کے ڈائریکٹر پروکیورمنٹ منظور حسین نے ویلتھ پاک کو بتایا کہ ملوں کی جانب سے فصل اٹھانے میں کوئی تاخیر نہیں ہوئی اور دعوی کیا کہ صوبے میں ہر سال گنے کی قیمت پر اس طرح کے الزامات سامنے آتے ہیں۔2022-23 کے دوران فصل کا حجم 87.98 ملین ٹن تھاجو اب تک کی بلند ترین سطح ہے۔ تاہم، قیمتوں میں خاطر خواہ کمی نہیں آئی، اس لیے تاخیر یا کم ادائیگیوں سے متعلق شکایات جائز نہیں ہیں۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی ویلتھ پاک