ضمنی انتخابات میں دھاندلی کی تیاریاں ،مسٹر ایکس نے مسٹروائی کو دھاندلی کیلئے ملتان بھیج دیا ہے، عمران خان
دریاخان (آئی این پی)پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی)کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان نے ضمنی انتخابات میں دھاندلی کی تیاریوں کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ ایک مسٹر ایکس ہے جنہوں نے مسٹروائی کو دھاندلی کے لیے ملتان بھیج دیا ہے لیکن قوم ان کو ہرائے گی، اب خوف پھیلایا جا رہا ہے، ڈرایا جارہا ہے اور دھمکی دی جارہی ہے ہم تمہیں اٹھا دیں گے اور جیلوں میں ڈال دیں گے، صحافیوں کے پیچھے پڑے ہوئے ہیں، محب وطن صحافیوں کے خلاف ایف آئی آرز درج کی جارہی ہیں،کان کھول کر سنو میرے خلاف 15 مقدمات درج کیے اور میرے ساتھیوں کے خلاف مقدمے بنائے لیکن جان بھی قربان ہو کبھی ان چوروں کو تسلیم نہیں کروں گا۔
منگل کو یہاں بھکر کی تحصیل دریا خان میں انتخابی جلسے سے خطاب میں عمران خان نے کہا کہ یہاں سے رکن اسمبلی بننے والا ہر دفعہ لوٹا کیوں بنتا ہے، ایسے غیرت مند عوام کا رکن کبھی کسی جماعت میں اور کبھی کسی جماعت میں کیوں ہوتا ہے کیونکہ جب کسی کا نظریہ نہیں ہوتا ہے تو ایسا ہی ہوتا ہے۔انہوں نے کہا کہ جب ملک کے اندر لوٹوں کی تعداد بڑھتی ہے تو وہ ملک کو تباہ کردیتے ہیں، ان لوٹو اور چوروں کو شکست دینی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ اب خوف پھیلایا جا رہا ہے، ڈرایا جارہا ہے اور دھمکی دی جارہی ہے ہم تمہیں اٹھا دیں گے اور جیلوں میں ڈال دیں گے، صحافیوں کے پیچھے پڑے ہوئے ہیں، محب وطن صحافیوں کے خلاف ایف آئی آرز درج کی جارہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ عمران ریاض خان کو اٹھا کر ذہنی تشدد کیا گیا، صرف ا س لیے کہ ہم انہیں تسلیم کریں لیکن کان کھول کر سنو میرے خلاف 15 مقدمات درج کیے اور میرے ساتھیوں کے خلاف مقدمے بنائے لیکن جان بھی قربان ہو کبھی ان چوروں کو تسلیم نہیں کروں گا۔عمران خان نے کہا کہ ہم نے ان کے خلاف حقیقی آزادی کی جنگ اور جدوجہد کرنی ہے ورنہ ہم ساری زندگی ان کی غلامی کریں گے، اس لیے یہاں کا جو مقامی لوٹا ہے جو ہر دفعہ لوٹا بنتا ہے اس کو شکست دینی ہے۔انہوں نے کہا کہ چوروں نے آتے ہیں دو مہینوں میں جو مہنگائی کی ہے پاکستان کی تاریخ میں کبھی دو مہینوں میں اتنی مہنگائی نہیں ہوئی کیونکہ یہ مہنگائی ختم کرنے نہیں آئے بلکہ اپنے مقدمات ختم کرنے اور کرپشن کرنا ان کا مقصد تھا۔ان کا کہنا تھا کہ احسن اقبال کے منہ پر ایک خاندان نے سچ بولا ہے آپ چور نہیں آپ تو ڈاکو ہیں، آپ سب اور آپ کے ساتھ ملے ہوئے سب چور ہیں۔
عمران خان نے کہا کہ آج کراچی میں حالات دیکھیں 14 سال سے زرداری اور اس کا ٹولہ بیٹھا ہوا ہے، جو پیسہ کراچی کی بہتری کے لیے استعمال ہونا تھا وہ باہر جاتا ہے۔انہوں نے کہا کہ 2018 کے عام انتخابات میں مہم کے لیے گیا تو اس وقت عوام کو کبھی اس طرح نکلتے نہیں دیکھا جو اس ضمنی انتخابات میں نکلے ہیں، جو مرضی یہ کرلیں یہ ایک انتخاب نہیں جیت سکتے۔ان کا کہنا تھا کہ یہ انتخابات جیت تو نہیں سکتے لیکن دھاندلی کرنے کا منصوبہ بنا ہوا ہے، الیکشن کمیشن کو ساتھ ملایا ہوا ہے، چیف الیکشن کمیشنر سچ بتائیں کہ کتنی دفعہ مریم اور حمزہ کے پاس گئے اور کس طرح دھاندلی کرنے کی تیاری کر رہے ہیں۔سابق وزیراعظم نے کسی کا نام لیے بغیر کہا کہ ایک مسٹر ایکس بھی ہے، جس کو چوروں کو کسی صورت جتوانے کا حکم ملا ہے، مجھے نئی خبر ملی ہے تم نے مسٹر وائی کو ملتان پہنچادیا ہے تاکہ دھاندلی کی جائے، مسٹر ایکس اور مسٹر وائی کو قوم کے سامنے چیلنج کر رہا ہوں کہ میری قوم آپ کی دھاندلی کے باوجود آپ کو پھینٹہ لگائے گئی اور انتخابات جیتے گی۔
Comment / Reply From
Popular Posts
Newsletter
Subscribe to our mailing list to get the new updates!
