i کھیل

پاکستان کے چیمپئنز ٹرافی کے ابتدا میں ہی باہر ہونے کا ذمہ دار بابراعظم اور محمد رضوان ہیں، رکی پونٹنگBreaking

February 27, 2025

سابق آسٹریلوی کپتان رکی پونٹنگ نے پاکستان ٹیم کے چیمپئنز ٹرافی کے ابتدا میں ہی باہر ہونے کا ذمہ دار بابراعظم اور محمد رضوان کو قراردیا ہے ۔ رکی پونٹنگ نے گفتگو کرتے ہوئے سوال کیا کہ کیا پاکستان ٹیم بابر اعظم اور محمد رضوان کی صلاحیتوں کو صحیح انداز میں استعمال کر رہی ہے؟۔انہوں نے کہا کہ ٹیم کی حکمتِ عملی اپنے سب سے بڑے اثاثوں سے فائدہ اٹھانے میں ناکام رہی، بابر اعظم اور محمد رضوان بہترین کارکردگی نہیں دکھا سکے، ان دونوں کو آگے بڑھ کر زیادہ رنز بنانے چاہیے تھے لیکن یہ دونوں ٹورنامنٹ کے پہلے 2 میچز میں اچھی کارکردگی نہیں دکھا سکے۔رکی پونٹنگ نے کہا کہ یہ ہی پاکستان ٹیم کے سیمی فائنل میں نہ پہنچنے کی وجہ ہو سکتی ہے۔سابق بیٹنگ ماسٹر نے ہائی پریشر میچوں میں ڈیلیور کرنے پر بھارتی اسٹار ویرات کوہلی کی بھی تعریف کی اور کہا کہ میں نے ہمیشہ کہا ہے کہ بڑے میچ جیتنے کے لیے بڑے کھلاڑیوں کی ضرورت ہوتی ہے اور بھارت کے لیے سب سے بڑا مقابلہ پاکستان کیخلاف میچ تھا۔ان کا مزید کہنا تھا کہ آپ کی ساکھ اس بات پر بنتی ہے کہ آپ بین الاقوامی اسٹیج پر سب سے بڑے مقابلوں میں کس طرح پرفارم کرتے ہیں، اس لیے یہ میرے لیے کوئی تعجب کی بات نہیں کہ کوہلی نے ایسی کارکردگی دکھائی۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی