قومی ٹیم کے سابق کپتان راشد لطیف نے بابر اعظم کے کراچی کنگز چھوڑنے کے حوالے سے انکشاف کیا ہے کہ فرنچائز نے 2022 کے ٹی20 ورلڈکپ کے بعد ہی بابر اعظم کو ریلیز کرنے کا فیصلہ کرلیا تھا۔ ایک انٹروی میں راشد لطیف نے کہا کہ سال 2022 کے ٹی20 ورلڈکپ میں جب گرین شرٹس نے بابر اعظم کی قیادت میں سیمی فائنل میں جگہ بنائی تو فرنچائز نے دوبارہ رابطہ کیا۔ راشد لطیف نے کہا کہ کراچی کنگز کی فرنچائز میں ایک صاحب کی وجہ سے بابر نے دوری اختیار کرنے کا فیصلہ کیا اور لکھ کر آگاہ کیا تھا کہ وہ مزید فرنچائز کا حصہ نہیں بنے گا۔ سابق کپتان نے مزید کہا کہ کراچی کنگز نے پی ایس ایل میں اسی سال وائلڈ کارڈ کا استعمال صائم ایوب کیلئے بھی نہیں کیا تھا حالانکہ وہ اسے منتخب کرسکتے تھے جب کہ ڈومیسٹک کا وہ بہترین پرفارمر تھا اور کوئٹہ نے اسے ریلیز کیا۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی