قاسم والا جنگل میں لگی آگ پر بروقت قابو پالیا گیا ۔آگ پر قابو پانے میں محکمہ جنگلات، ریسکیو 1122 اور مقامی افراد کی مشترکہ کارروائی نے کلیدی کردار ادا کیا۔ 100 سے زائد اہلکاروں اور افسران نے ریسکیو مشن میں حصہ لیا، بروقت کارروائی سے صرف چند ایکڑ جھاڑیاں اور 45 چھوٹے درخت متاثر ہوئے۔محکمہ جنگلات کے مطابق آگ عباسیہ کینال کے قریب بنجر علاقے سے شروع ہوئی جس کی اطلاع پر محکمہ جنگلات نے فوری ایکشن لیا۔ پھکووال بلاک نمبر 1 کی آگ پر رات 10 بجے مکمل قابو پا لیا گیا جبکہ بلاک نمبر 2 کی آگ رات بھر کی کوششوں کے بعد صبح 9 بجے بجھا دی گئی۔سینئر وزیر پنجاب نے کہا کہ فیلڈ اسٹاف کی انتھک محنت کے نتیجے میں بروقت کارروائی ممکن ہوئی، آگ بجھانے میں حصہ لینے والے تمام اہلکاروں اور افسران کی حوصلہ افزائی کی جائے گی۔محکمہ جنگلات کی ابتدائی رپورٹ کے مطابق جنگل میں آگ نامعلوم شخص کی لاپرواہی کے باعث لگی جس کے خلاف ایف آئی آر درج کروا دی گئی ہے۔ سینئر وزیر نے واقعے کی مکمل تحقیقات کے لیے اعلی افسران پر مشتمل کمیٹی تشکیل دے دی اور 24 گھنٹوں میں رپورٹ طلب کر لی گئی ہے۔سینئر وزیر پنجاب مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ وزیراعلی پنجاب کے وژن کے مطابق جنگلات کی حفاظت حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی