i بین اقوامی

سعودی وزارت داخلہ کا حج قوانین کی خلاف ورزی پر سخت سزائوں اور جرمانوں کا اعلان،سہولت کاروں کو بھی بھاری سزائیں دی جائیں گیBreaking

April 29, 2025

سعودی وزارت داخلہ نے حج کے مقدس ایام میں قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت سزائوں اور بھاری جرمانوں کا اعلان کر دیا ۔ وزارت کے مطابق یہ اقدامات یکم ذوالقعدہ سے 14 ذوالحجہ تک نافذ العمل ہوں گے تاکہ حج کے دوران نظم و ضبط اور سیکیورٹی کو یقینی بنایا جا سکے۔نئے اعلامیے کے مطابق، بغیر اجازت حج کرنے یا اس کی کوشش کرنے والے کسی بھی شخص پر 20 ہزار ریال تک جرمانہ عائد کیا جائے گا۔ اس کے ساتھ ساتھ اگر کوئی وزٹ ویزہ پر آنے والا زائر مکہ مکرمہ یا دیگر مقدس مقامات میں داخل ہوگا تو اس پر بھی 20 ہزار ریال جرمانہ لاگو ہوگا۔وزارت نے خبردار کیا ہے کہ اگر کوئی شخص وزٹ ویزہ ہولڈرز کو حج زون میں داخل ہونے کے لیے نقل و حمل یا کسی بھی قسم کی سہولت فراہم کرے گا تو اس پر ایک لاکھ ریال تک جرمانہ عائد کیا جا سکتا ہے۔

اسی طرح غیر مجاز زائرین کو رہائش فراہم کرنے پر بھی ایک لاکھ ریال جرمانہ ہوگا، خواہ وہ رہائش ہوٹل میں ہو یا نجی گھروں میں۔ وزارت داخلہ نے واضح کیا ہے کہ قوانین کی خلاف ورزی میں ملوث افراد یا سہولت کاروں کو ملک بدر کر دیا جائے گا اور ان پر دس سال تک سعودی عرب میں داخلے کی پابندی عائد کی جائے گی۔ اس کے علاوہ غیر قانونی زائرین کی نقل و حمل میں استعمال ہونے والی گاڑی ضبط کی جا سکتی ہے۔وزارت نے مزید کہا کہ جرمانے یا سزا کے خلاف افراد کو 30 روز کے اندر اپیل کا حق حاصل ہے، جب کہ وہ 60 دنوں کے اندر عدالت میں درخواست بھی دائر کر سکتے ہیں۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی